برلن7جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)جرمنی کی حکومت نے بدھ کے روز ترکی میں انجرلک فوجی اڈے سے اپنی افواج ہٹا کر انہیں از سر نو اردن میں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جرمن خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ اقدام برلن اور انقرہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے سبب سامنے آیا ہے۔ایجنسی کے مطابق جرمن کابینہ نے اس منصوبے کی منظوری دے دی جوخاتون وزیر دفاع اورسولا وان دیر لیین نے پیش کیا تھا۔ یہ پیش رفت ترکی کی جانب سے جرمن ارکان پارلیمنٹ کو نیٹو کے زیر انتظام مذکورہ فوجی اڈے کا دورہ کرنے سے روک دینے کے بعد سامنے آئی ہے۔ انجرلک اڈے پر جرمنی کے 260 فوجی تعینات ہیں۔ یہ فوجی شام میں داعش تنظیم کے خلاف بین الاقوامی اتحاد میں شامل ہیں۔اس سے قبل جرمن چانسلر انگیلا مرکل نے رواں برس اپریل میں باور کرایا تھا کہ وہ ترکی کی حکومت کے ساتھ کشیدگی میں اضافے کے پس منظر میں انجرلک اڈے سے اپنے فوجیوں کو واپس بلانے پر غور کر رہی ہیں۔